پاکستان کے شمالی علاقوں میں جہاں برف پوش پہاڑ، شفاف جھیلیں اور سرسبز وادیاں موجود ہیں، وہاں شندور پاس ایک منفرد مقام رکھتا ہے۔ ہر سال گرمیوں کے موسم میں یہاں منعقد ہونے والا شندور فیسٹیول نہ صرف پاکستان کے روایتی کھیل "پولو” کا مرکز بنتا ہے بلکہ امن، ثقافت اور مہمان نوازی کا ایک زندہ ثبوت پیش کرتا ہے۔ یہ ایونٹ دنیا بھر کے سیاحوں کے لیے پاکستان کی خوبصورتی اور پرامن تشخص کو قریب سے دیکھنے کا ایک بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔
سطح سمندر سے 12,200 فٹ کی بلندی پر واقع شندور پاس کو "دنیا کی چھت” کہا جاتا ہے۔ یہ مقام خیبرپختونخوا کے ضلع چترال اور گلگت بلتستان کے درمیان واقع ہے۔ شندور نہ صرف اپنی قدرتی خوبصورتی کے لیے مشہور ہے بلکہ یہاں کا منفرد جغرافیہ ہر سال ہزاروں ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کو اپنی طرف راغب کرتا ہے۔ شندور فیسٹیول کی سب سے بڑی کشش "فری اسٹائل پولو” ہے، جو اپنی نوعیت کا دنیا کا سب سے منفرد کھیل ہے۔ چترال اور گلگت کی ٹیمیں پورے جوش و جذبے کے ساتھ مقابلہ کرتی ہیں۔ یہ کھیل روایتی مہارت اور طاقت کا مظہر ہے جس میں دن کے وقت میدان گونجتا ہے، جب گھوڑوں کی ٹاپوں اور شائقین کے نعروں سے ماحول زندہ ہوتا ہے۔
شندور فیسٹیول پولو کے ساتھ ساتھ ایک ثقافتی میلہ بھی ہے۔ یہاں کے مقامی لوگ اپنی ثقافت، لوک موسیقی، روایتی رقص، اور کہانیوں کے ذریعے دنیا کو اپنی خوبصورت تاریخ سے روشناس کراتے ہیں۔ سیاح ہاتھ سے بنے ہوئے کاریگری کے نمونے خریدتے ہیں، اور مقامی پکوانوں سے لطف اندوز لیتے ہیں جن میں چترال کے مشہور روایتی کھانے شامل ہیں۔
شندور فیسٹیول نہ صرف پاکستانیوں کے لیے بلکہ غیر ملکی سیاحوں کے لیے بھی ایک خواب جیسا تجربہ ہے۔ دنیا بھر سے آنے والے سیاح یہاں کے خوبصورت مناظر، مہمان نواز لوگ، اور پرامن ماحول کی تعریف کرتے ہیں۔ یہ فیسٹیول انہیں پاکستان کا وہ چہرہ دکھاتا ہے جو اکثر میڈیا کی نظر سے اوجھل رہتا ہے۔
شندور فیسٹیول حکومت اور مقامی انتظامیہ کی کوششوں کا نتیجہ ہے جو دنیا کو ایک پرامن اور مثبت پاکستان کا پیغام دیتا ہے۔ ملک میں سیاحت کے فروغ کے لیے بنیادی ڈھانچے میں بہتری لائی جا رہی ہے اور غیر ملکی سیاحوں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔
شندور فیسٹیول ایک ایسا ایونٹ ہے جو پاکستان کے قدرتی، ثقافتی، اور روایتی ورثے کو دنیا کے سامنے پیش کرتا ہے۔ یہ امن، محبت، اور اتحاد کا پیغام دیتا ہے، اور ایک بار یہاں آنے والا سیاح ہمیشہ کے لیے اس مقام کے سحر میں گرفتار ہو جاتا ہے۔
اگر آپ امن، خوبصورتی، اور ثقافت کا حقیقی تجربہ چاہتے ہیں تو شندور فیسٹیول کا حصہ بنیں اور پاکستان کی اصل روح کو محسوس کریں۔ یہ وہ موقع ہے جب دنیا کی چھت آپ کو اپنی بانہوں میں سمیٹ کر پاکستان کی مہمان نوازی کا عملی مظاہرہ کرتی ہے۔
