پاپ و کلاسیکی موسیقی کو یک جاں کرکے موسیقی کو نئی جہت بخشنے والے مشہور ومعروف پاکستانی قوال نصرت فتح علی خان ایک ایسی شخصیت ہیں جو صدیوں میں پیدا ہوتی ہے۔انھوں نے اپنی صلاحیتوں سے قومی اور بین الاقوامی سطح پر کامیابیاں حاصل کرکے اپنے فن کو تسلیم کروایا، آج ان کا فن برسوں گزرجانے کے بعد بھی ان کے چاہنے والوں کے دلوں میں زندہ ہے۔

نصرت فتح علی خان عظیم پاکستانی قوال، موسیقار اور گلوکار فیصل آباد میں پیدا ہوئے۔ آپ کے والد فتح علی خان اور تایا مبارک علی خان اپنے وقت کے مشہور قوال تھے۔ ان کے خاندان نے قیام پاکستان کے وقت مشرقی پنجاب کے ضلع جالندھر سے ہجرت کرکے فیصل آباد میں سکونت اختیار کی تھی۔ استاد نصرت فتح علی خان نے اپنی تمام عمر قوالی کے فن کو سیکھنے اور اسے مشرق و مغرب میں مقبول عام بنانے میں صرف کر دی۔ انہوں نے صوفیائے کرام کے پیغام کو دنیا کے کونے کونے تک پہنچایا اور ان کے فیض سے خود انہیں بے پناہ شہرت نصیب ہوئی۔

نصرت فتح علی خان نے16برس کی عمر میں زندگی میں پہلی بار پرفارمنس دی۔ نصرت فتح علی خان نے قوال پارٹی کے سربراہ کی حیثیت سے پہلی پرفارمنس ریڈیو پاکستان کے سالانہ موسیقی کے پروگرام ’جشن بہاراں‘ کے ذریعے دی۔ ان کی پہلی کامیاب قوالی ’’حق علی علی‘‘ تھی جو دنیا بھر میں ان کی شناخت کا باعث بنی ۔ اس پلیٹ فارم پر نصرت فتح علی خان زیادہ تر اُردو، پنجابی جبکہ کبھی کبھی فارسی، برج بھاشہ اور ہندی زبان میں بھی گاتے تھے۔

نصرت فتح علی خان کی شہرت کے چرچے جب ملک سے باہر بھی ہونا شروع ہوئے تو انھیں دنیا کے مختلف ممالک سے دعوت نامے موصول ہونے لگے، جہاں وہ اپنی آواز کا جادو جگانے میں کامیاب رہے۔1985ء میں انھوں نے لندن میں منعقدہ ورلڈ آف میوزک، آرٹس اینڈ ڈانس(WOMAD)فیسٹیول میں پرفارمنس دی۔

لازوال گیت اور قوالیاں

نصرت فتح علی خان نے متعدد البم ریلیز کیے، جس میں قوالی کے 125آڈیو البم شامل ہیں۔ اس وجہ سے آپ کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں بھی درج کیا گیا۔ نصرت فتح علی خان کے مشہور گیتوں میں’اکھیاں اڈیکدیاں‘،’ایس توں ڈاڈا دکھ نہ کوئی‘،’آفریں آفریں‘،’میرے رشک قمر‘،’یہ جو ہلکا ہلکا سرور ہے‘،’میری زندگی ہے تو‘، ’دم مست قلندر‘ وغیرہ شامل ہیں۔ یوں تو ان کے تمام تر کلام ہی اپنی مثال آپ ہیں لیکن ’’تم اک گورکھ دھندا ہو‘‘ اپنی مثال آپ ہے

Sources:

https://www.bbc.com/urdu/entertainment-54219155

https://www.rekhta.org/ebooks/detail/nusrat-fateh-ali-khan-ahmad-aqeel-rubi-ebooks?lang=ur

https://jang.com.pk/news/688832