نائلہ کیانی ایک معروف کوہ پیما ہیں جو دنیا کی چودہ  بلند ترین چوٹیوں میں سے گیارہ چوٹیاں سر کرنے کا اعزاز حاصل کر چکی ہیں۔ 2023ء میں انھوں نے  چھ ماہ کے قلیل عرصے میں آٹھ ہزار میٹر کی چودہ میں سے سات چوٹیوں کو سر کیا تو دنیا بھر میں انھیں خوب پذیرائی ملی۔ وہ انتہائی کم مدت میں ناقابل یقین بلندیاں طے کرنے والی دنیا کی پہلی خاتون ہیں  اور پاکستان کا فخر ہیں۔

نائلہ کیانی ایک خاتون کوہ پیما ہیں جن کا تعلق صوبہ پنجاب، پاکستان میں راولپنڈی شہر کے علاقے گوجرخان سے ہے۔ انھوں نے مملکت متحدہ سے ایرو سپیس انجینیئرنگ کی تعلیم حاصل کرکے کچھ عرصے اس شعبے میں بھی کام کیا تھا تاہم اب وہ اپنے خاوند کے ساتھ دبئی میں مقیم ہیں جہاں اس وقت وہ ہیکنگ کے شعبے سے وابستہ ہیں۔ الپائن کلب آف پاکستان کے سیکریٹری کرار حیدری کے مطابق نائلہ اور ان کی ٹیم نے کوہ پیمائی کی دنیا میں تاریخ رقم کردی ہے۔ وہ نہ صرف گاشر برم ٹو کو فتح کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون کوہ پیما ہیں بلکہ وہ ایسی کوہ پیما بھی ہیں جنھوں نے اپنی پہلی مہم میں ہی آٹھ ہزار میٹر کی چوٹی فتح کی ہے۔

جس طرح اللہ نے پاکستان کو زرخیز میدانوں، بلند پہاڑوں، بہتے دریاؤں اور چار خوب صورت موسموں سے نوازا ہے بالکل اسی طرح یہاں کے باسی خواہ وہ خواتین ہوں یا مرد بے شمار صلاحیتوں کے حامل ہیں اور ان کے کارنامے دنیا بھر میں پہچانے جاتے ہیں۔ نیپال کی 8485 میٹر یعنی 27838 فٹ بلند چوٹی کو سر کرنا نائلہ کیانی کا ناقابل فراموش کارنامہ ہے جسے تاریخ میں سنہری حروف میں لکھا جائے گا-نائلہ کیانی کی کاوش کے اعتراف میں انھیں تمغہ امتیاز سے نوازا گیا۔ اس کے بعد ایک اور کامیابی حاصل کر کے انھوں نے ثابت کر دیا کہ وہ اس اعزاز کی اصل حق دار تھیں،ایسی خواتین واقعی خراج تحسین کی مستحق ہیں-

https://dailypakistan.com.pk/11-May-2024/1710451

 

https://jang.com.pk/news/1347302