’’کبھی میں سوچتی ہوں کہ کیا ایسا نہیں ہوسکتا کہ کوئی جادوئی چھڑی ہو کہ جس کی مدد سے کوئی غریب بھوک سے نہ مرے کہ اس بھوک میں بہت درد ہے اور اس میں کراہت، بدکرداری اور بداعتمادی بھی ہے‘‘۔یہ بناوٹ سے پاک نرم آواز مگر تلخ لہجہ میں اپنے شدید دکھ کا اظہار کرنے والی پروین سعید ہیں جو گزشتہ 14 سال سے ’’کھانا گھر‘‘ جیسا فلاحی ادارہ چلا کر محنت کش غریبوں کی بھوک مٹانے کا فریضہ بہت محنت اور دلسوزی سے عبادت کی طرح انجام دے رہی ہیں۔ میک اپ سے یکسر پاک چہرہ، معمولی سوتی کپڑے پہنے اور غریبوں کی بستی میں گھل مل کر رہنے والی پروین کی زندگی کا مقصد غریبوں کو انتہائی ارزاہ قیمت (3 روپے) میں پیٹ بھر کھانا فراہم کرنا ہے۔ ہوشربا مہنگائی کے اس دور میں اتنی کم قیمت میں پیٹ کی آگ بجھانا معمولی کارنامہ نہیں لیکن منکسر المزاج پروین سعید بمشکل ہی اس بات کو قبول کرنے کیلئے تیار ہیں کہ انہوں نے کوئی اہم اور قابل تحسین فریضہ انجام دیا ہے۔ وہ اپنے اس عمل کو خدا کی جانب سے سونپی ذمہ داری سمجھ کر ادا کررہی ہیں کہ یہ تو اﷲ ہی چلا رہا ہے: نہ ستائش کی تمنا نہ صلہ کی پرواہ۔

پاکستان آبادی کے لحاظ سے دنیا کا چھٹا ملک ہے۔ گنجان آبادی کے اس خطہ کو کثرتِ آبادی کے علاوہ جہالت، چور بازاری، حکمرانوں کی بدعنوانی کے باعث بھوک کے عفریت کا سامنا ہے۔ بدقسمتی سے یہ وہ پاک سرزمین ہے کہ جہاں بھوک کے ہاتھوں پسپا ہونیوالے والدین کبھی اپنے بچوں کو بیچنے پر مجبور ہیں تو کبھی یہ بھی نوبت آجاتی ہے کہ اپنے ہی ہاتھوں سے ان کا گلا گھونٹ کے موت کی چادر اوڑھا رہے ہیں تاکہ ان کے پیاروں کو ہمیشہ کیلئے بھوک سے نجات مل جائے۔ یقیناً یہ صورتحال شرمناک اور انتہائی افسوسناک ہے۔ اس شدید بے حسی اور انسانیت کی پامالی کے دور میں پروین جیسے باضمیر اور حساس افراد انسانیت کیلئے تحفہ نہیں تو اور کیا ہیں؟

سرجانی ٹاؤن کراچی کی ایک رہائشی  پروین سعید نے ایک عورت کے بارے میں سنا جس نے اپنے دو بچوں اس لیے قتل کر دیا کیونکہ وہ غربت کی وجہ سے انہیں کھانا نہیں کھلا سکتی تھیں اور انہیں بھوک اور افلاس کی وجہ سے مرتا ہوا نہیں دیکھ سکتی تھیں۔پروین سعید نے اسی دن فیصلہ کیا کہ پاکستان میں کسی بھی بچے کو بھوکا نہیں رہنا چاہیے اور انہوں نے کراچی کے علاقے خدا کی بستی میں ایک چھوٹے سے ڈھا بے سے” کھانا گھر” کا آغاز کیا اور غریب لوگوں کو صرف 3 روپے میں مکمل کھانا فراہم کیا۔
آج پروین سعید کی نگرانی میں کھانا گھر ویلفیئر فاؤنڈیشن غریبوں کو سستا کھانا فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ غریب بچیوں کی شادیاں اور مالی مشکلات میں گھرے ہوئے لوگوں میں مفت کپڑے تقسیم کرنے کی تقریبات منعقد کرنے میں مصروف عمل ہے۔
کھانا گھر ویلفیئر فاؤنڈیشن کا مقصد ایک مہذب معاشرے کو پروان چڑھانا اور ملک سے بھوک و غربت کا قلہ قمہ کرنا ہے۔